حکومت نے پاک ایران گیس پائپ لائن کی تکمیل کے حوالے سے اہم اعلان کردیا، پاکستان منصوبے کی تکمیل کا خواہاں ہے، تاہم امریکی پابندیاں منصوبے پر اثرانداز ہوئی ہیں، ایران ہمسایہ ملک ہے، تاہم ہمیں اپنے مفادات دیکھنا ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے وزیراعظمعمران خان کے دورہ ایران کے بعد پاک ایران گیس پائپ لائن کی تکمیل کے حوالے سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی بیان جاری کیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کا خواہش مند ہے، تاہم امریکی پابندیاں اس منصوبے پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ امریکی پابندیاں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
کچھ قوتیں پاک ایران تعلقات میں کشیدگی چاہتی ہیں، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم ماضی سے نکل نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مناسب منصوبہ ہے تاہم امریکا نے ایران پر پابندیاں لگا رکھی ہیں ، ان حالات میں ایران کے ساتھ مالی معاملات آگے بڑھانا آسان نہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران کے دوران ایرانی صدر حسن روحانی نے پاکستان کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
Comments